بیجنگ(شِنہوا)چین کے وزیر دفاع ڈونگ جون نے کہا ہے کہ چین اور امریکہ کے سربراہان مملکت دو طرفہ تعلقات کو مستحکم اور بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کی مسلح افواج کو استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے بنیادی ستون کا کردارادا کرنا چاہیے۔
امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کے ساتھ ویڈیو کال کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تائیوان کے مسئلے کو چین کے بنیادی مفادات کے مرکز کی حیثیت حاصل ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
چینی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ چینی پیپلز لبریشن آرمی "تائیوان کی آزادی" یا اس طرح کی علیحدگی پسندانہ اقدامات کے لیے بیرونی حمایت حاصل کرنے والی کسی بھی سرگرمی کے خلاف ثابت قدمی سے کھڑی ہے۔
بحیرہ جنوبی چین کی صورت حال میں مجموعی استحکام کا ذکر کرتے ہوئے ڈونگ جون نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ چین کے پختہ موقف کو تسلیم کرے اور علاقائی امن کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک اور افواج کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
دونوں فریقوں کے مابین باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔