نیویارک(شِنہوا) سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر نے کہا ہے کہ امریکہ اور چین کو ایک دوسرے کو "زیادہ مکمل طور پر" سمجھنا اور دنیا میں امن اور ترقی کے لیے زیادہ ہم آہنگ تعلقات استوار کرنے چاہیئں۔ کسنجر نے چائنہ جنرل چیمبر آف کامرس - یو ایس اے( سی جی سی سی- یو ایس اے) کے نیویارک میں ہونے والے نیوایئر گالا میں اپنے ویڈیوریمارکس میں کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے حال ہی میں بالی میں ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات میں تشویشناک رجحان کو تبدیل کرنے کا ارادہ ظاہرکیا جو ایک اچھی علامت ہے۔
سابق سفارتکار نے کہا کہ وہ بہت سے شعبوں میں بات چیت کو فروغ دینے کے لیے کیے گئےان فیصلوں کا خیرمقدم کرتے ہیں اور یہ کہ چین نے اس سمت میں متعدد عملی اقدامات اٹھائےہیں۔
دو امریکی صدور رچرڈ نکسن اور جیرالڈ فورڈ کے دور میں خدمات انجام دینے والے 99 سالہ سابق سفارت کار اور حکمت عملی کے ماہر نے کہا کہ ہر ملک کو دوسرے کو زیادہ مکمل طور پر سمجھنے کی ضرورت ہے۔ کسنجر نے کہا کہ مل کر کام کرتے ہوئے، ہم نہ صرف اپنے ممالک کے لیے بلکہ انسانیت کے لیے بھی عظیم فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔