بیجنگ(شِنہوا) چین کی وزارت قومی دفاع نے ایک امریکی گائیڈڈ میزائل تباہ کن جہاز کے شی شا جزائر میں ملک کی علاقائی سمندری حدود میں دوبارہ داخل ہونے کے بعد امریکہ پر زور دیا کہ وہ اپنے اشتعال انگیز رویے کو بند کرے ۔
وزارت دفاع کے ترجمان تان کیفی نے ایک بیان میں کہاکہ پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کی سدرن تھیٹر کمانڈ نے قانون کے مطابق امریکی گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر یو ایس ایس ملیئس کی نشاندہی کرتے ہوئے اس کی نگرانی کی اور اسے خبردار کیا ۔
تان نے کہا کہ امریکی جہاز کی دراندازی نے بحیرہ جنوبی چین میں امن و استحکام کو شدید نقصان پہنچایا جو چین کی خودمختاری اور سلامتی کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی قانون کی بھی شدید خلاف ورزی ہے، ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے اشتعال انگیزی جاری رکھی تو اسکے سنگین نتائج ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایل اے چین کی قومی خودمختاری اور سلامتی کے ساتھ ساتھ بحیرہ جنوبی چین میں امن و استحکام کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گی۔