• Columbus, United States
  • |
  • Jul, 4th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

امریکہ بحیرہ جنوبی چین معاملے میں فریق نہیں ،چین و فلپائن امور میں مداخلت بند کرے، ترجمان چینی وزارت خارجہتازترین

April 04, 2024

بیجنگ (شِںہوا) چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے چینی صدر شی جن پھنگ اور امریکی صدر جو بائیڈن کے درمیان ٹیلیفون پر ہونے والی بات چیت سے متعلق میڈیا کے سوالات کے جوابات دیے۔

امریکہ کے مطابق چینی اور امریکی صدور کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت میں صدر بائیڈن نے رین آئی جیاؤ ، ہانگ کانگ، سنکیانگ اور شی ژانگ کا تذکرہ کرتے ہوئے چین پر زور دیا تھا کہ وہ روس کی حمایت ترک کردے اور جزیرہ نما کوریا کے جوہری معاملے میں بڑا کردار ادا کرے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے یومیہ پریس بریفنگ میں اس حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بات چیت میں چین نے اس بات پر زور دیا کہ چین کو نان شا چھون ڈاؤ اور اس سے ملحقہ پانیوں پر ناقابل تردید خودمختاری حاصل ہے۔ یہ خودمختاری نان شا چھن ڈاؤ کے جزیروں، چٹانوں، کم گہرے پانی، اور مونگے کی چٹانوں کا احاطہ کرتی ہے جن میں رین آئی جیاؤ بھی شامل ہے۔

وانگ نے کہا کہ رین آئی جیاؤ تنازع کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ فلپائن کئی بار اپنے قول سے پیچھے ہٹ چکا ہے  اور رین آئی جیاؤ پر مستقل قبضہ کرنے کی کوشش میں چین کی غیر آباد چٹانوں پر مستقل چوکیاں تعمیر کرنے کی کوشش کررہا ہے جو غیر قانونی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ بحیرہ جنوبی چین معاملے میں فریق نہیں ہے اور اسے چین ۔ فلپائن امور میں مداخلت نہیں کرنی چاہیئے ،چین اپنی علاقائی خودمختاری ، بحری حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے۔

وانگ نے کہا کہ چین نے واضح کردیا ہے کہ ہانگ کانگ چین کا حصہ ہے اور ہانگ کانگ سے متعلق امور خالصتاً چین کا داخلی معاملہ ہے۔

وانگ نے کہا کہ یوکرین کے بحران پرچین کا موقف مستقل، واضح اور شفاف رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس بات کا خطرہ ہے کہ بحران مزید بگڑ جائے گا  اسلئے تنازعہ کو ختم کرنے کے لیے  لڑائی کے بجائے مذاکرات کے ذریعے تناؤ کے خاتمے کی کوشش کی جانی چاہیئے۔  سیاسی تصفیہ میں کوئی جیتنے والا اور ہارنے والا نہیں ہونا چاہیئے بلکہ امن کو غالب  ہونا چاہیے  جبکہ چین اس مقصد کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

 وانگ نے زور دے کر کہا کہ چین نے نہ تو تنازع پیدا کیا ہے اور نہ ہی وہ اس کا فریق ہے جبکہ اس نے کسی فریق کو مہلک ہتھیار یا سامان فراہم نہیں کیا ہے۔