اقوام متحدہ(شِنہوا) چین نے کہا ہے کہ امریکہ کو جزیرہ نما کوریا کے مسئلے کی جڑ کو ایمانداری سے دیکھنا اور امن مذاکرات کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے کے لیے بامعنی، عملی اور ٹھوس اقدامات کرنے چاہییں۔ اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے ژانگ جون نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ جزیرہ نما کوریا میں تنازعہ کی شدت میں اضافے کے ساتھ کشیدگی برقرار ہے جس پر چین کو گہری تشویش ہے۔ ژانگ نے نشاندہی کی کہ جزیرہ نما کوریا کا مسئلہ،دہائیوں پر محیط سرد جنگ کی وراثت ہے جو بنیادی طور پر سلامتی کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں، امریکہ نے جزیرہ نما کی حدود میں متواتر فوجی مشقیں جاری رکھی ہوئی ہیں، جوہری طیارہ بردار بحری جہاز اور بی -52 بمبار جیسے اسٹریٹجک ہتھیارتعینات کیے جارہے ہیں جس سے عوامی جمہوریہ کوریا (ڈی پی آر کے) کے عدم تحفظ کے احساس میں بہت زیادہ اضافہ ہواہے۔