• Columbus, United States
  • |
  • Jul, 23rd, 25

شِنہوا پاکستان سروس

امریکہ کا ایرانی میزائل اور ڈرون پروگرام پر پابندیوں کا عندیہتازترین

April 17, 2024

واشنگٹن (شِنہوا) امریکہ نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں ایران کے میزائل اور ڈرون پروگرام کے خلاف اقدامات بھی شامل ہیں۔

امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیون نے ایک بیان میں کہا کہ آمدہ دنوں میں ایران پر نئی پابندیاں عائد کی جائیں گی جن میں اس کے میزائل اور ڈرون پروگرام کے ساتھ ساتھ پاسداران انقلاب اور ایرانی وزارت دفاع کی معاونت کرنے والے اداروں کے خلاف نئی پابندیاں بھی شامل ہیں۔

یہ اعلان ایران کے  ہفتے کے روز اسرائیل پر اس بڑے ایرانی حملے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں سینکڑوں میزائل اور ڈرون داغے گئے تھے۔ ایران کا کہنا تھا کہ یہ حملہ یکم اپریل کو شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارت خانے کے قونصلر احاطے پر اسرائیلی حملے کا جواب تھا جس میں دو تجربہ کار کمانڈروں سمیت 7 ایرانی جاں بحق ہوئے تھے۔

جیک سلیوان کا یہ اعلان امریکی وزیر خزانہ جینٹ یلین کے اسی طرح کے بیان کے بعد سامنے آیا ہے جنہوں نے عالمی مالیاتی فنڈ اور عالمی بینک کے رواں سال کے موسم بہار اجلاسوں کے قبل ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا تاہم انہوں نے اس کی زیادہ تفصیلات نہیں بتائیں۔

امریکہ نے اسرائیل کے خلاف ایرانی حملے کی سخت مذمت کی تھی تاہم مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی حکومت  ایران کی جوابی کارروائی پر صرف سفارتی اور معاشی حربے استعمال کررہی ہے کیونکہ اسے خوف ہے کہ طاقت کا استعمال مشرق وسطیٰ میں تنازع کو بے قابو کرسکتا ہے۔