بیجنگ (شِنہوا)چین نے امریکہ سے تائیوان کے علاقے کو ہتھیاروں کی فروخت اور اسے کسی اور شکل میں ہتھیاروں سے لیس کرنے کا عمل بند کر نے اور جزیرے سے فوجی رابطے منقطع کر نے کا مطالبہ کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے تائیوان کو 7کروڑ50لاکھ ڈالر کے ایڈوانس ٹیکٹیکل ڈیٹا لنک سسٹم کی فروخت کی منظوری کے بارے میں میڈیا کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے، وزارت قومی دفاع کے ترجمان ژانگ شیاو گانگ نے کہا کہ چین تائیوان کے علاقے کو امریکی ہتھیاروں کی فروخت کی سخت اور واضح مخالفت کرتا ہے۔
ژانگ نے کہا کہ امریکہ تائیوان سے متعلق معاملات میں ساز باز اور ہتھیاروں کی فروخت اور فوجی امداد کے ذریعے "تائیوان کی آزادی" کی علیحدگی پسند قوتوں کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے، جس سے چین کی خودمختاری اور سلامتی کے مفادات اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعلقات کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ تائیوان کا مسئلہ چین امریکہ تعلقات میں پہلی سرخ لکیر ہے۔ اور یہ کہ اس لائن کو پار نہیں کیا جانا چاہیے اور یہ کہ تائیوان کو ہتھیاروں سے مسلح کرنا امریکہ کا ایک خطرناک اقدام ہے۔