بیجنگ(شِنہوا)امریکی کافی کمپنی سٹار بَکس نے چینی شہر پوایر میں دیہی کمیونٹی منصوبے کے آغاز کیساتھ میں چین میں اپنا واحد بڑا عوامی فلاحی منصوبہ شروع کر دیا ہے، یہ شہر چین کی چائے کی ثقافت کے مرکز اور کافی کی کاشت کے ابھرتے ہوئے علاقے کے طور پر مشہور ہے۔
خوبصورت دیہی کمیونٹی منصوبہ میں صوبہ یون نان کے شہر پوایر میں سترہ سو مربع میٹر کافی ثقافت تجربہ مرکز بھی شامل ہے اور یہ کافی پر مبنی اقدامات کے ذریعے دیہی احیا پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔
ایک کروڑ ستر لاکھ یوان (تقریبا23 لاکھ 40 ہزار امریکی ڈالر) کی مجموعی سرمایہ کاری کیساتھ یہ منصوبہ مقامی ماحول کی بہتری اور دیہی صنعتوں کی ترقی کے ذریعے کافی پیدا کرنیوالے دس دیہاتوں کو مدد فراہم کرے گا۔
کافی کے کاشتکار وانگ جیان وی نے کہا کہ اس منصوبے سے دیہاتوں کو خوبصورت بنانے اور مقامی لوگوں کو سیکھنے کے نئے مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
اسٹار بَکس چین کے حکومتی امور اور سماجی اثرات کے نائب صدر ژو لی نے کہا کہ سٹار بَکس کا یون نان کافی کے ساتھ گہرا تعلق ہے اور ہمارا مشن مقامی کسانوں کو معیاری کافی اگانے، ان کی زندگیوں کو بہتر بنانے اور مضبوط برادریوں کی تعمیر میں مدد کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کا مقصد کافی کی سیاحت اور اعلیٰ معیاری کی کافی کی ترقی کو فروغ دینا اور کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے۔