واشنگٹن (شِنہوا) امریکی ریاست کینٹکی کے ایک گھر میں فائرنگ سے حملہ آور سمیت 5 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
فلورنس پولیس ڈپارٹمنٹ کے مطابق 4 افراد جائے وقوع پر ہی دم توڑ گئے تھے جبکہ 3 دیگر کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت نازک لیکن خطرے سے باہر ہے۔
پولیس چیف جیف میلری نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ پولیس اہلکاراطلاع ملنے پرگزشتہ روز الصبح تقریباََ 3 بجے مثائرہ گھر پہنچے تو وہاں سے فائرنگ کی آوازیں آرہی تھیں جہاں لوگ گھر میں سالگرہ پول پارٹی میں شریک تھے۔
حملہ آور ایک بالغ مرد تھا جو پولیس پہنچنے سے قبل ایک گاڑی میں جائے وقوع سے فرارہو گیا تاہم پولیس نے اس کا تعاقب کیا ۔ حملہ آور سڑک پر بھاگا اور ایک کھائی میں جاگرا۔ پولیس کے مطابق مشتبہ شخص اپنی گولی سے زخمی ہوا تھا۔ اسے قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔
پارٹی میں شریک افراد نے مشتبہ شخص کو پہچان لیا تھا اور پولیس کو اس کی شناخت فراہم کی۔ پولیس چیف جیف میلری کے مطابق مشتبہ شخص جنسی جرم پر سزا کاٹ چکاتھا تاہم بظاہر اس کا فائرنگ سے کوئی تعلق معلوم نہیں ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفیش سے یہ بات سامنے آئی ہے مشتبہ شخص نے انفرادی طور پر یہ جرم کیا اور عوام کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔