بیجنگ (شِنہوا) چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین امریکی ریاستوں کی تنظیم (او اے ایس) کے ساتھ بات چیت اور تبادلے مزید مضبوط بنائے گا اور دو طرفہ تعاون میں پیشرفت کرکے علاقائی ترقی و استحکام میں مشترکہ کردار ادا کرے گا۔
وانگ نے یہ بات تنظیم میں چین کو مستقل مبصر کا درجہ ملنے کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر او اے ایس کے سیکرٹری جنرل لوئس المگرو کے ساتھ مبارکباد کے پیغامات کے تبادلے میں کہی۔
الماگرو کے نام اپنے پیغام میں چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ 26 مئی 2004 کو او اے ایس کا مستقبل مبصر بننے کے بعد سے چین نے او اے ایس کے ساتھ دوستانہ تعاون کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے لاطینی امریکی اور کیریبین ممالک میں استحکام، اتحاد، معاشی اور سماجی ترقی کے فروغ اور عالمی چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹنے میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔
وانگ کے نام اپنے پیغام میں الماگرو نے کہا کہ او اے ایس کے مستقل مبصر کی حیثیت سے چین نے مغربی ممالک اور دنیا میں عوامی تبادلے اور مکالمے کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ او اے ایس موجودہ اور مستقبل کے چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹنے اور پائیدار ترقی کے ساتھ مستقبل کی تعمیر میں چین کے ساتھ تعاون مستحکم کرنے کی خواہشمند ہے۔