ہانگ کانگ(شِنہوا) ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے(ایچ کے ایس اے آر)کے ترجمان نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے قانونی طور پر کی گئی قانون سازی پر امریکہ انگلی اٹھانے میں حق بجانب نہیں ہے۔
ایچ کے ایس اے آر حکومت نے امریکی ایوان نمائندگان کو ایک قرارداد منظور کرنے پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا،ترجمان کے مطابق قرارداد میں قومی سلامتی کے قانون اورقومی سلامتی کے تحفظ کے آرڈیننس کے ساتھ ساتھ ایچ کے ایس اے آرکے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات پر تنقید کی گئی تھی۔
ترجمان نے کہا کہ امریکی ایوان نمائندگان نے ہانگ کانگ کے امور،جو چین کے اندرونی معاملات ہیں میں بے جامداخلت کی،بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی کی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ایچ کے ایس اے آر کا قانونی ڈھانچہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے معیارات کے مطابق اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ بننے والے جرائم سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی قانون کے اصولوں سے پوری طرح ہم آہنگ ہے۔