بیجنگ (شِنہوا)چین کا شہر ہانگ ژو 19 ویں ایشیائی کھیلوں کی میزبانی کو تیار ہے جس میں اعلی ٹیکنالوجی کی مدد سے ماحول دوست اور پائیدار اصولوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ہانگ ژو کے میئر یا گا یوآن نے بیجنگ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اگر موجودہ مقامات کی تزئین و آرائش ایشیائی معیار کے مطابق ہوسکتی ہے تو نئے مقامات کی تعمیر کی ضرورت نہیں ہے۔ اس لئے ہانگ ژو ایشیائی کھیلوں کے 56 مقابلوں کے مقامات میں سے صرف 12 نئے تعمیرکردہ ہیں۔سبز توانائی ذرائع جیسے سورج اور ہوا سے حاصل کردہ توانائی ، کھیلوں کے تمام مقامات پر وسیع پیمانے پر استعمال کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ آن لائن خدمات، ڈیجیٹل مصنوعات اور جدید ترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں جس کا شرکا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں،اس کی آ مد میں تقریبا 100 دن باقی ہیں۔ہانگ ژو ایشیائی کھیل منتظم کمیٹی کے نائب صدر ژا جن چھیانگ نے اسی پریس کانفرنس میں تصدیق کی کہ ایشیا کی تمام 45 قومی اور علاقائی اولمپک کمیٹیز نے ہانگ ژو ایشیائی کھیلوں کے لئے اندراج کرایا ہے اور کھیلوں کیلئے "بے پناہ جوش وخروش" کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 900 سے زائد چینی کھلاڑی ہانگ ژو ایشیائی کھیلوں میں شرکت کرکے اپنا خواب پورا کریں گے۔
ہانگ ژو ایشیائی کھیل منتظم کمیٹی کے مطابق 80 لاکھ سے زائد افراد پہلے ہی مقابلے اور تربیتی مقامات کا دورہ کرچکے ہیں۔یا نے کہا یہ مقامات عوام کے لئے کھیلوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے مقبول مقامات بن چکے ہیں ۔ آپریشنز، کھانے پینے کی اشیا ، طبی اور نقل و حمل خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لئے تربیتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا ہے اور اب یہ تمام مقامات کھیلوں کے انعقاد کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ژے جیانگ صوبے کے نائب گورنر لی یانی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایشیائی کھیلوں کے انعقاد نے ہانگ ژو اور دیگر شریک میزبان شہروں ننگ بو ، وین ژو ، ہوژو، شاشینگ اور جن ہوا میں نقل و حمل نظام بہتر بنانے میں مدد دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے دوران ہموار نقل و حمل کو یقینی بنانے اور یانگسی دریا کے طاس میں طویل مدتی مربوط ترقی کو ٹھوس بنیاد فراہم کرنے کے لئے اب تک ہانگ ژو نے 516 کلومیٹر ریلوے لائن اور 480 کلومیٹر ایکسپریس وے نیٹ ورک مکمل کیا ہے۔ہانگ ژو میٹرو لائن 19 کو 19 ویں ایشیائی کھیلوں کی علامت اور نعروں سے سجایا گیا ہے۔ اس کا آغاز گزشتہ برس ہوا اور یہ شہر کے ریلوے اسٹیشنز اور بین الاقوامی ہوائی اڈے کو جوڑتی ہے۔ یہ مقامی رہائشیوں کو اہم سہولت فراہم کررہی ہے۔لی نے کہا کہ جمعرات سے ہانگ ژو ایشیائی کھیلوں کی 100 روزہ الٹی گنتی شروع ہوئی ہے جس کی مناسبت سے ژے جیانگ کے قدیم شہر لیانگ ژو میں آثار قدیمہ کے کھنڈرات میں مشعل روشن ہوگی اور تمغے کے ڈیزائن جاری کیے جائیں گے۔