لندن (شِنہوا) انگلینڈ کے شمال مغربی مرسی سائیڈ کے علاقے ساؤتھ پورٹ میں چاقو سے حملے میں 2 بچوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے۔
مقامی پولیس کی چیف کانسٹیبل سرینا کینیڈی نے بتایا کہ حملے میں 9 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 6 کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس نے بتایا کہ 7 سے 11 برس کی عمر کے بچے "ٹیلر سوئفٹ یوگا اینڈ ڈانس ورکشاپ" کی کلاسز میں شریک تھے کہ حملہ آور نے داخل ہوکر حملہ کردیا ۔ زخمیوں میں 2 بالغ بھی شامل ہیں جنہوں نے حملے میں مزاحمت کی تھی ۔ پولیس نے بتایا کہ انہیں زخمی بالغ افراد نے بہادری سے حملہ آور کا مقابلہ کرکے بچوں کی حفاظت کی۔
لنکاشائر کے بینکس سے تعلق رکھنے والے ایک 17 سالہ لڑکے کو قتل اور اقدام قتل کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق تحقیقات ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اس لئے حملے کا مقصد واضح نہیں ہے۔
پولیس نے چاقو سے حملے کو "بڑا واقعہ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ سردست اسے دہشت گردی نہیں کہا جاسکتا۔
وزیر اعظم کیئرسٹارمر نے کہا کہ یہ حملہ "واقعی خوفناک"ہے اور "پورا ملک شدید صدمے میں ہے۔