اسلام آباد (شِنہوا) ایک پاکستانی ماہر نے کہا کہ گوانگ ژو میں جاری انڈرسٹینڈنگ چائنہ کانفرنس نے دنیا کو یہ سمجھنے میں مدد دی ہے کہ چین اندرون و بیرون ملک ترقی، امن، استحکام، رواداری اور ہم آہنگی کو کیسے فروغ دے رہا ہے۔
پاکستان میں قائم تھنک ٹینک انڈراسٹینڈنگ چائنہ فورم کے صدر ظفر الدین محمود نے شِںہوا کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ اس سے دنیا کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) سمیت انسانیت کی فلاح و بہبود بارے چین کے اہم اقدامات کو بہتر طور پر سمجھنے میں بھی مدد ملے گی۔
ماہر نے کہا کہ 2013 میں شروع ہونے والی یہ کانفرنس حکومتی رہنماؤں، سیاست دانوں، اسکالرز اور ماہرین تعلیم کے لئے چین بارے اپنی سمجھ بوجھ بڑھانے اور ترقی سے متعلق تبادلہ خیال کرنے کا ایک منفرد پلیٹ فارم بن چکی ہے۔
انڈرسٹینڈنگ چائنہ کانفرنس 2023 جمعہ سے اتوار تک چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کے صدرمقام گوانگ ژو میں ہوئی جس کا موضوع "بے مثال عالمی تبدیلیوں کے درمیان چین کی نئی کوششیں ، مفادات میں ہم آہنگی کا فروغ اور مشترکہ مستقبل کی معاشرے کی قیام " تھا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چینی قیادت کی متعارف کردہ پالیسیوں نے چینی عوام اور عالمی برادری کو نمایاں فائدے دیئے ہیں۔ ظفر الدین محمود 1978 سے چین کی اصلاحات اور کھلے پن کا مشاہدہ کر رہے ہیں
انہوں نے کہا کہ چین کی اقتصادی اصلاحات اور کھلے پن کی پالیسی سے عام افراد کی زندگی، معاشی ترقی اور خوشحالی میں بنیادی تبدیلی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی آر آئی اپنے شفاف ڈھانچے، مالی وسائل اور جامع نقطہ نظر کے تحت پرامن عالمی ترقی اور مشترکہ خوشحالی کو فروغ دینے والا ایک انوکھا اینشی ایٹو ہے جس میں تمام ممالک کو خوش آمدید کہا گیا ہے۔
محمود نے کہا کہ بی آر آئی مناسب مالی وسائل کی دستیابی کے ساتھ ایک سوچا سمجھا اینشی ایٹو ہے اور یہ اپنی نوعیت کا واحد منصوبہ ہے جو پرامن عالمی ترقی کے واحد مقصد سے شروع کیا گیا تھا تاکہ انسانیت کے لئے مشترکہ خوشحالی کا ہدف حاصل کیا جاسکے۔
ظفر الدین محمود پاکستانی وزیر اعظم کے معاون خصوصی کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
ظفر الدین محمود نے کہا کہ پاکستان بی آر آئی سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والا ملک ہے جس سے ملک کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں خاطر خواہ سرمایہ کاری ہوئی۔ توانائی اور رابطے کے اہم مسائل حل ہوئے اس کی طویل مدتی اور پائیدار ، معاشرتی ترقی اور انسانی وسائل میں ترقی کی ٹھوس بنیاد رکھی اور روزگار کے مواقع پیدا کئے۔