عمان(شِنہوا)اردن کی وزارت خارجہ نے اسرائیلی پارلیمنٹ کی طرف سے فلسطینی ریاست کے قیام کی مخالفت کی تجویز کی منظوری کی مذمت کی ہے۔
وزار ت کے بیان کے مطابق ترجمان صفیان قدا نے کہا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے جاری کردہ فیصلے اور اقدامات فلسطینی علاقوں پر اس کے قبضے کے حقائق کو تبدیل نہیں کریں گے اور نہ ہی وہ جنگ کے دوران عام لوگوں کے تحفظ کے متعلق 1949 کے چوتھے جنیوا کنونشن کے جاری اطلاق کو متاثر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں کی اپنی آزاد اور خودمختار ریاست کے ناقابل تنسیخ حق سے انکار کرنے کی جاری کوششوں سے خطے میں امن اور استحکام قائم نہیں ہو گا،انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی اقدامات اور غزہ کی پٹی میں اس کے جاری حملوں کو روکیں۔
وزار ت نے اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر اتمار بین گویر کے مشرقی یروشلم میں مسجد الاقصی کے دورے کی مذمت کی ۔
وزارت نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں یہ اقدام اشتعال انگیز ہے جو اسرائیلی حکومت کے یک طرفہ اقدامات اور منظم پالیسیوں کے تسلسل کو ظاہر کرتے ہیں اور یہ بین الاقوامی قوانین اور مقبوضہ یروشلم میں قابض طاقت کے طور پر اسرائیل کی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان صفیان قدا نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان خلاف ورزیوں کی مذمت کرے اور غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حکومت کے جاری حملے کے تناظر میں فلسطینی عوام کو ضروری تحفظ فراہم کرے۔