• San Francisco, United States
  • |
  • May, 14th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

اسرائیل اور حماس کا غزہ میں پولیو ویکسین مہم کے دوران اپنی کارروائیاں روکنے پر اتفاقتازترین

August 30, 2024

اقوام متحدہ(شِنہوا)اسرائیل اور حماس نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی سربراہی میں پولیو سے بچاوکے قطرے پلانے کی مہم کے لیے غزہ کی پٹی میں  اپنی کارروئیاں روکنے پر اتفاق کیا ہے۔

مغربی کنارے اور غزہ کے لیے ڈبلیو ایچ او کے دفتر کے سربراہ رک پیپرکورن نے ایک ویڈیو بریفنگ میں صحافیوں کو بتایا کہ اقوام متحدہ کا ادارہ صحت، حماس کی وزارت صحت اور فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کا امدادی ادارہ  جسے یو این آر ڈبلیو اے کے نام سے جانا جاتا ہے  اتوار کو اس مہم کا آغاز کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کے وسطی علاقے میں مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک ویکسین کے پہلے دو راؤنڈ لگائے جائیں گے، اس کے بعد جنوبی خطے میں تین دن اور آخر میں تین دن شمالی علاقوں میں لگائے جائیں گے۔اگر ضرورت پڑی تو تین روزہ مہم کے لیے لڑائی کا وقفہ چوتھے دن تک بڑھایا جا سکتا ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے عہدیدار نے کہا کہ 295 ٹیموں میں 2 ہزار 1 سو 80 کارکن 3 سو 92 مقامات پر 10 سال سے کم عمر کے 6 لاکھ 40   بچوں کو   ویکسین دیں گے۔ یہ ویکسین تقریبا چار ہفتوں کے وقفے سے دو خوراکوں میں فراہم کی جانی ہے۔

پیپرکورن نے کہا کہ اگر کچھ بچوں کو ہسپتالوں اور مہم کیلئے   مقرر کردہ  392 مقامات پر نہیں لایا جا سکا تو ہم ان تک پہنچنے کی کوشش کریں گے۔

ایک 10 ماہ کی بچی کے پولیو سے متاثر ہونے اور اس کی بائیں ٹانگ کے جزوی طور پر مفلوج ہونے کے بعد ڈبلیو ایچ او نے غزہ میں حفاظتی قطرے پلانے کی مہم کے منصوبوں کا اعلان کیا تھا۔