برسلز (شِنہوا) یورپی یونین (ای یو) کی خارجہ پالیسی کے سربراہ نے اسرائیلی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ کے انتہائی جنوب میں واقع شہر رفح میں فوجی کارروائی نہ کرے یہاں 13 لاکھ سے زائد بے گھر فلسطینی پناہ گزین موجود ہیں۔
یورپی یونین کے خارجہ امور اور سلامتی پالیسی کے اعلیٰ نمائندے جوزف بوریل نے ایک بیان میں کہا کہ رفح میں فوجی کارروائی پہلے سے تباہ کن انسانی صورتحال کو مزید بگاڑ کر بنیادی خدمات اور ضروری انسانی امداد کی فراہمی کو روک دے گی۔
بوریل نے کہا کہ یورپی یونین عالمی انسانی قانون کے تحت ہمہ وقت تمام شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے اور عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) کے 26 جنوری کے حکم کا احترام کرنے کی اہمیت کا اعادہ کرتی اور اس کی قانونی طور پر پابند ہے۔
ہیگ میں قائم عالمی عدالت انصاف نے 26 جنوری کو اسرائیل کو غزہ کی پٹی میں نسل کشی کی کارروائیاں روکنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کا حکم دیا تھا۔
اپنے بیان میں بوریل نے کہا کہ یورپی یونین عالمی قانون اور عالمی انسانی قانون کے مطابق اپنا دفاع کرنے کے اسرائیل کے حق کو تسلیم کرتی ہے۔ انہوں نے یورپی یونین کی جانب سے حماس سے تمام یرغمالیوں کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کرنے کا بھی کہا۔
پیر سے اسرائیل نے رفح پر فضائی حملے شروع کررکھے ہیں اور اس نے شہر میں زمینی کارروائی شروع کرنے کا بھی اشارہ دیا ہے۔