غزہ(شِنہوا) انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی) نے اسرائیلی فوج کی طرف سے فلسطینیوں کو گھر بار چھوڑنے کے دیے گئے حکم کے حوالے سے کہا ہے کہ اسرائیلی جنگ کی وجہ سے غزہ کی پٹی کے رہائشیوں کے پاس کوئی محفوظ جگہ نہیں ہے۔ آئی سی آر سی نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل نے گزشتہ دنوں رفح کے جنوبی علاقوں سے خان یونس کے مشرقی حصوں بشمول یورپین غزہ ہسپتال تک لوگوں کو علاقہ چھوڑنے کا حکم جاری کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ہزاروں لوگوں کو شام کے وقت انخلاء کی ہدایات کا علم ہوا جس سے وہ گھبراہٹ اور خوف کے عالم میں بھاگ اٹھے۔ ان لوگوں میں مریض، ا نکے خاندان اور یورپین غزہ ہسپتال کا طبی عملہ بھی شامل تھا۔
ریڈ کراس نے کہا کہ لوگوں کو جہاں بھی بھاگنے کی جگہ ملی وہ صدمے اور دکھ کی حالت میں ہی ہوں گے جہاں انہیں کھانے پینے، صفائی ستھرائی، صحت کی سہولیات کی کمی کا سامنا ہوگا اور ہوسکتا ہے انہیں اس مقام کو بھی دوبارہ چھوڑنا پڑے۔