شین ژین (شِنہوا) چین کی نئی توانائی گاڑیاں بنانے والی کمپنی بی وائی ڈی نے پلگ ان ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں کے لیے اپنی ففتھ جنریشن کی ڈی ایم ہائبرڈ ٹیکنالوجی متعارف کرادی ہے جس کی سفری رینج 2 ہزار 100 کلومیٹر ہے۔
بی وائی ڈی کے چیئرمین وانگ چھوان فو نے شمال مغربی صوبے شانشی کے صدر مقام شی آن میں افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ اس ٹیکنالوجی سے بی وائی ڈی کی پلگ ان ہائبرڈ گاڑیاں عالمی سطح پر قائدانہ کردار ادا کرسکتی ہیں۔ جس کی تھرمل کارکردگی 46.06 فیصد ، بجلی کم ہونے کی صورت میں 2.9 لیٹر فی 100 کلومیٹر ایندھن کی کھپت اور 2 ہزار 100 کلومیٹر کی جامع رینج رکھتی ہیں۔
اس ڈرائیونگ رینج کا تخمینہ مکمل چارج شدہ بیٹری اور ایندھن سے مکمل بھرے ٹینک کی بنیاد پر لگایا گیا ہے۔
تقریب میں بی وائی ڈی نے نئی ٹیکنالوجی سے چلنے والے دو کار ماڈلز، چھن ایل ڈی ایم-آئی اور سیل 06 ڈی ایم-آئی بھی متعارف کرائے ہیں یہ روایتی کاروں میں استعمال والے ایندھن کا صرف ایک تہائی استعمال کرکے حد کو 3 گنا بڑھادیتے ہیں۔ ان کی قیمت 99 ہزار 800 یوآن ( 14 ہزار امریکی ڈالر) سے لیکر 1 لاکھ 39 ہزار 800 یوآن تک ہیں۔
وانگ نے کہا کہ پلگ ان ہائبرڈ ٹیکنالوجی کی عالمی ترقی کی قیادت اور عالمی آٹو انڈسٹری میں ماحول دوست تبدیلی کے فروغ سے متعلق بی وائی ڈی پراعتماد ہے۔
شین ژین میں قائم کار ساز کمپنی مجموعی طور پر 36 لاکھ پلگ ان ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیاں فروخت کرچکی ہے۔
چائنہ ایسوسی ایشن آف آٹوموبائل مینوفیکچررز کے مطابق 2024 کے ابتدائی 4 ماہ میں چین کی نئی توانائی کی گاڑیوں کی پیداوار اور فروخت بالترتیب 29 لاکھ 85 ہزار اور 29 لاکھ 40 ہزار یونٹس رہی۔ جو گزشتہ برس کی نسبت بالترتیب 30.3 فیصد اور 32.3 فیصد اضافہ ہے۔