بیجنگ(شِنہوا)چین کی دعوت پربیجنگ میں فلسطینی دھڑوں الفتح اوراسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے نمائندوں کے درمیان مفاہمت کے فروغ کے لیے ہونے والی تفصیلی بات چیت میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے فلسطینی دھڑوں کے درمیان مذاکرات اور مثبت پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔
ترجمان لن جیان نےمنگل کواس سے متعلقہ سوال کے جواب میں روزانہ کی پریس بریفنگ میں بتایا کہ دونوں فریقوں نے بات چیت اور مشاورت کے ذریعے مفاہمت کے حصول کے لیے سیاسی خواہش کا بھرپوراظہار کیا اور بہت سے مخصوص امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے مثبت پیش رفت کی۔ ترجمان کے مطابق فلسطینی نمائندوں نے بات چیت کے عمل کو جاری رکھنے اور فلسطینی اتحاد کے جلد از جلد حصول کی کوششوں پر اتفاق کیا۔
ترجمان نے کہا کہ دونوں فریقین نےفلسطینی عوام کے جائز قومی حقوق کی بحالی کے لیے چین کی بھرپور حمایت کوسراہا اورفلسطین کے اندرونی اتحاد کو فروغ دینے کی کوششوں پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ فلسطینی دھڑوں نے بات چیت کے اگلے مرحلے پربھی اتفاق کیا۔