بیروت(شِنہوا)لبنان کے بین الاقوامی سپورٹ گروپ(آئی ایس جی) نے لبنان میں نئے سربراہ مملکت کے انتخاب پر زور دیا ہے کیونکہ صدر میشل عون کے عہدے کی میعاد 31 اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے۔
آئی ایس جی نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا کہ آئی ایس جی آئین میں مقررہ وقت کے مطابق ایک نئے صدر کےانتخاب پر زور دیتا ہے جو لبنانی عوام کو متحد کر سکے اور فوری طور پر جامع اصلاحات اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے کی راہ ہموار کر کے معاشی اور انسانی بحران پر قابو پانے کیلئے تمام علاقائی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر کام کر سکے۔
آئی ایس جی نے ملک میں انتہائی ضروری اصلاحات کو نافذ کرنے کیلئے نئی حکومت کی تشکیل پربھی زور دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ کثیرالجہتی انتظامی خلا سے بچنے کیلئے لبنانی سیاستدانوں کے مابین جلد از جلد ایک وسیع البنیاد قومی اتفاق رائے طے پایا جائے۔