بیت المقدس(شِنہوا) بیت المقدس میں بدھ کی صبح 2 الگ الگ دھماکوں میں کم از کم 1 شخص ہلاک اور 14 زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس نے ایک بیان میں بتایا کہ دھماکہ خیز آلات کی مدد سے یہ دھماکے ہوئے ۔ ایک دھماکہ بیت المقدس کے داخلی دروازے کے قریب ایک بس سٹاپ پر ہوا اور دوسرا دھماکہ ایک گھنٹے سے کم وقت بعد مشرقی بیت المقدس میں آبادکاروں کی بستی راموت میں ایک بس اسٹیشن پر ہوا۔
اسرائیل کی ایمرجنسی میڈیکل سروس میگن ڈیوڈ ایڈوم کے ڈائریکٹر جنرل ایلی بن نے صحافیوں کو بتایا کہ کم از کم 15 افراد زخمی ہوئے ہیں اور ان میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔
شائر زیڈک ہسپتال نے ایک بیان میں بتایا کہ زخمیوں میں سے ایک ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ہے۔
ایک اور بیان میں پولیس نے کہا ہے کہ دھماکے ایک مربوط دہشت گردانہ حملے کا حصہ تھے جن کی تحقیقات جاری ہیں۔