جنیوا(شِنہوا)عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)اگلے ماہ مقامی پیداوار اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر کو فروغ دینے کے لیے صحت کی معیاری مصنوعات اور ٹیکنالوجیزتک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے پہلے فورم کا انعقاد کرے گا۔
ڈبلیو ایچ او کے ذرائع نے گزشتہ روز شِنہوا کو بتایا کہ آئندہ ورلڈ لوکل پروڈکشن فورم (ڈبلیو ایل پی ایف) 6 سے 8 نومبر تک ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں منعقد ہوگا جس میں علاقائی اور عالمی شراکت داریوں سے فائدہ اٹھانے پر غور کیا جائے گا۔
تقریباً 800 بین الاقوامی تنظیموں کے رہنما اور نمائندے، حکومتی وزراء اور اعلیٰ حکام کے ساتھ ساتھ مالیاتی اداروں، نجی شعبے، تعلیمی اداروں اور متعلقہ شعبوں کے نمائندے بھی اس فورم میں شرکت کریں گے۔
کوویڈ وبا کے دوران ویکسین، ادویات، ذاتی تحفظ کے آلات، تشخیصی کٹس اور وینٹی لیٹرز تک رسائی کی کمی خاص طور پر کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں صحت کی سہولیات کے حوالے سے عدم مساوات کے مسئلہ واضح طور پر سامنے آیا تھا۔ عالمی ادارہ صحت کے ماہرین کے مطابق، یہ صحت کی ضروری ٹیکنالوجیز کے لیے مینوفیکچرنگ بنیادوں کو جغرافیائی طور پر متنوع بنانے کی ضرورت کی نشاندہی کرتا ہے۔