ڈھاکہ(شِنہوا) بنگلہ دیش میں قومی پاور گرڈ میں خرابی سے تقریباً 7 گھنٹے کے بلیک آؤٹ کے بعد دارالحکومت ڈھاکہ سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں بجلی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے۔
بنگلہ دیش پاور ڈویلپمنٹ بورڈ کے ایک سینئر اہلکار شمیم حسن نے بدھ کو صحافیوں کو بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق گزشتہ روز رات 9 بجے تک ڈھاکہ کے تقریباً تمام علاقوں اور ملک کے دیگر حصوں میں بجلی کی فراہمی بحال ہو گئی تھی۔
ملک میں 2014ء کے بعد سے اب تک کے بدترین توانائی بحران میں منگل کو بنگلہ دیش کے بڑے حصے میں لوگ گھنٹوں تک بجلی سے محروم رہے ہیں۔
گزشتہ روز مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 5 منٹ پر بنگلہ دیش کے قومی پاور ٹرانسمیشن گرڈ نے کام کرنا بند کر دیا جس سے پورے بنگلہ دیش میں بجلی بند ہو گئی تھی۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ گزشتہ روز ہونیوالے بلیک آؤٹ کی وجہ کیا ہے جس سے ملک بھر کی 80 فیصد سے زائد آبادی تقریباً 20 کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں۔