بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت تجارت (ایم او سی) نے کہا ہے کہ برکس ممالک کے وزرائے تجارت اور معیشت نے اتفاق رائے پیدا کرتے ہو ئے حالیہ وزارتی اجلاس کے دوران اہم نتائج حاصل کیے ہیں۔
وزارت تجارت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ویڈیو کانفرنس میں وزرا نے ڈیجیٹل معیشت اور ماحول دوست ترقی میں تعاون بڑھانے اور مستحکم سپلائی چین کو فروغ دینے اور مائیکرو ، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی مدد کے لئے مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔
وزرا نے متفقہ طور پر عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کے ساتھ کثیر الجہتی تجارتی نظام کو مضبوط بنانے اور تعمیری رویے کے ساتھ ڈبلیو ٹی او اصلاحات میں حصہ لینے پر اتفاق کیا۔
وزرا نے کاربن بارڈر ایڈجسٹمنٹ میکانزم اور ٹیکس مراعات سمیت یکطرفہ اور امتیازی اقدامات اپنانے پر کچھ ترقی یافتہ ممالک کی مذمت کی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پالیسی بنانے کا عمل مشترکہ لیکن امتیازی ذمہ داریوں کے اصول اور ڈبلیو ٹی او کے قوانین کے مطابق ہونا چا ہئیے۔
انہوں نے غیر برکس ممالک کو ڈیجیٹل معیشت پر تبادلہ خیال کرنے اور دیگر ترقی پذیر ممالک اور کم ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ تعاون تلاش کرنے کے لئے مدعو کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
ہم خیال غیر برکس ارکان کے ساتھ کثیر الجہتی تجارتی نظام کو بھی مضبوط بنایا جائے گا تاکہ ترقی کے لئے سازگار مضبوط تجارتی ماحول کی تشکیل کو فروغ دیا جاسکے۔