• Columbus, United States
  • |
  • Jul, 12th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

برطانیہ کے ہانگ کانگ حکومت پر بے بنیاد الزامات ، چینی سفارت خانے کی مذمتتازترین

May 14, 2024

لندن (شِنہوا)برطانیہ میں چینی سفارت خانے نے ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطہ حکومت کے خلاف برطانیہ کے بدنیتی پر مبنی من گھڑت اور بے بنیاد الزامات کی شدید مذمت کی ہے۔

پیر کو برطانوی پولیس نے ہانگ کانگ کی غیر ملکی انٹیلی جنس سروس کی مبینہ مدد کے الزام میں 3 افراد پر فرد جرم عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

چینی سفارت خانے کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ نام نہاد کیس کی تیاری اور ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطہ حکومت کے خلاف اس کے بے بنیاد الزامات کو چین سختی سے مسترد کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کرتا ہے اور اس نے برطانیہ سے اس معاملے پر احتجاج کیاہے۔

بیان کے مطابق گزشتہ کچھ عرصے سے برطانیہ نے چین کے خلاف متعدد الزامات عائد کیے ہیں جن میں "چینی جاسوسوں" اور سائبر حملے کے الزامات بھی شامل ہیں۔ یہ تمام الزامات بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ  نے عدالتی اور قومی سلامتی کے بہانے برطانیہ میں چینی شہریوں کو بلا وجہ ہراساں کرکے انہیں حراست میں لیا ہے اور یہ چین کے خلاف ایک سنگین اشتعال انگیزی اور عالمی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی شدید خلاف ورزی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس بات کا ادراک کرنا چاہیئے کہ ہانگ کانگ طویل عرصے قبل چین کے پاس واپس آ چکا ہے۔ ہانگ کانگ اب چین کا ہانگ کانگ ہے۔ برطانیہ کا اب اس پر کوئی حق نہیں ہے اور وہ ہانگ کانگ امور پر بات کرنے یا اس میں مداخلت کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

بیان کے مطابق چینی حکومت ہانگ کانگ میں خلل ڈالنے والے چین مخالف عناصر سے نمٹنے اور خطے  میں استحکام اور خوشحالی برقرار رکھنے لئے پرعزم ہے جبکہ برطانیہ مطلوب مجرموں کو پناہ دیکر قانون کی حکمرانی کو پامال کرتا ہے۔