بیجنگ (شِنہوا) کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی چائنہ انرجی انویسٹمنٹ کارپوریشن (چائنہ انرجی) نے شدید گرمی کی لہر کے دوران ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے رواں سال کی پہلی ششماہی میں ریکارڈ بجلی پیدا کی ہے۔
کمپنی حکام نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ سرکاری کمپنی نے رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران571 ارب10 کروڑکلو واٹ آورز بجلی پیدا کی، جو تاریخ میں اس عرصے کے لیے اب تک ریکارڈ کی جانے والی سب سے زیادہ پیداوار ہے۔ پریس کانفرنس میں مزید بتایا گیا کہ اس کی کوئلے سے چلنے والی بجلی کی پیداوار بھی اسی مدت کے لیے ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، جوگزشتہ سال کی نسبت 8.4 فیصد زیادہ ہے۔ ملک میں کوئلے کی ایک بڑی کان کن کمپنی کی حیثیت سے چائنہ انرجی نے جنوری سے جون تک 30 کروڑ ٹن سے زیادہ کوئلہ پیدا کیا، جس کے دوران کوئلے کی ماہانہ پیداوار اوسطاً 5کروڑ17 لاکھ ٹن تک پہنچ گئی، تاکہ بجلی کی انتہائی زیادہ کھپت کے موسم کے دوران توانائی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔