بیجنگ (شِنہوا) چین کے ایک بڑے پالیسی بینک، چائنہ ڈیولپمنٹ بینک نے ماحول دوست اور کم کاربن صنعتوں کے لیے مالی تعاون میں اضافہ کردیا ہے۔
بینک نے رواں سال کے ابتدائی 5 ماہ میں 200 ارب یوآن (تقریباً 28 ارب امریکی ڈالر) سے زائد کا ماحول دوست قرض جاری کیا جس کی شرح نمو بینک کے تمام اقسام کے قرضوں سے زائد تھی۔
کاربن میں کمی کے لئے بینک کا جاری کردہ مجموعی قرض 110 ارب یوآن سے زائد ہوچکا ہے۔
بینک نے کہا کہ اس نےماحول دوست مالیاتی مصنوعات اور خدمات کی بھرپور فراہمی کا عمل جاری رکھتے ہوئے توانائی کے تحفظ، آلودگی اور کاربن میں کمی، ماحول دوست منصوبوں کے فروغ اور قدرتی آفات کی روک تھام سمیت دیگر کاموں میں فعال طریقے سے تعاون جاری رکھا تاکہ معاشی اور سماجی پیشرفت میں جامع ماحول دوست تبدیلی آسان بنائی جاسکے۔
بینک مستقبل کے منظرنامے پر نگاہ رکھتے ہوئے ماحول دوست مالیاتی خدمات کے معیار اور کارکردگی میں اضافہ کرے گا اور توانائی، آبی وسائل، نقل و حمل اور شہری دیہی تعمیرات سمیت اہم شعبوں میں ماحول دوست تبدیلی کے لیےتعاون بڑھائے گا۔
چین نے 2030 تک کاربن کے اخراج میں خاطر خواہ کمی اور 2060 سے پہلےاس کے مکمل خاتمے کا دوہرا ہدف مقرر کررکھا ہے۔