برسلز (شِنہوا) چین کی کار ساز کمپنی گریٹ وال موٹر (جی ڈبلیو ایم) نے جرمنی میں اپنا ایک ذیلی دفتر بند کرنے کے اعلان کے بعدیورپی مارکیٹ سے دستبردار ہونے کی افواہوں کی تردید کی ہے۔
جی ڈبلیو ایم نیدرلینڈز انویسٹمنٹ ہولڈنگز بی وی کی منیجنگ ڈائریکٹرشو لِن نے شِنہوا کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ یورپ سے ہمارے انخلا کے الزامات مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کمپنی اپنے موجودہ ڈیلر پارٹنرز کی کاروباری خودمختاری کو بہت اہمیت دیتی ہے اور یورپ بھر میں فروخت اور خدمات کو برقرار رکھنے کے لیے ان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم فی الحال اپنی یورپ کے حوالے سے مستقبل کی حکمت عملی میں ردوبدل کرتے ہوئے توسیع اور نئی منڈیوں میں داخلے کے منصوبوں کے ساتھ اپنی یورپی مارکیٹ کی ترتیب کو تبدیل کر رہے ہیں۔
جرمنی میں کمپنی کے دفتر کو بند کرنے کی وجوہات کے بارے میں، شو نے مستقبل کی متعدد غیر یقینی صورتحال کا حوالہ دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تحفظ پسندی میں اضافہ اور یورپی کمیشن کی جانب سے چین کی نئی انرجی گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں پر دباو ڈالنے کے لیے غیر منصفانہ اقدامات اہم عوامل ہیں۔
یورپی مارکیٹ کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے جی ڈبلیو ایم نے 2021 میں اپنا یورپی آپریشن ہیڈکوارٹر میونخ میں قائم کیا تھا۔