نان چھانگ (شِنہوا) چین کے مشرقی صوبے جیانگ شی کی عمارت میں آتشزدگی آگ کے غیرقانونی استعمال کے سبب ہوئی۔
یہ بات مقامی حکام نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں بتائی۔
شین یو شہر میں آتشزدگی کے واقعہ میں 39 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے تھے جہاں بدھ کو تہہ خانے میں قائم کولڈ اسٹوریج کی تزئین و آرائش کرنے والے کارکن آگ غیرقانونی طور پر استعمال کر رہے تھے۔
شین یو کے میئر شو ہونگ نے بتایا کہ شدید دھوئیں نے فوری طور پر پہلی اور دوسری منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا جس کے سبب ایک تربیتی مرکز میں طلبا اور ایک ہوٹل میں لوگ پھنس گئے تھے۔
ہلاک شدگان میں اعلیٰ فنی سکولوں کے کچھ طلباء بھی شامل ہیں جبکہ مقامی حکومت متاثرین کے اہل خانہ کی داد رسی کی کوشش کر رہی ہے۔
مجموعی طور پر 12افراد کو اس واقعہ کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے حراست میں لیا گیا ہے اور عوامی سلامتی حکام ان سے تفتیش کررہے ہیں۔
شین یو فائر بریگیڈ کے سربراہ گونگ جون ہوئی کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی 118 امدادی کارکن 20 فائر انجنوں کے ساتھ موقع پر پہنچے اور بدھ کو شام 6 بجکر 50 منٹ پر آگ بجھا دی۔ جبکہ امدادی کارروائیاں رات 8 بجکر 50 منٹ پر مکمل ہوئیں اس وقت کوئی شخص متاثرہ جگہ پر نہیں تھا۔
شین یو کے تعلیمی بیوروکے سربراہ ژینگ شیان فینگ نے کہا کہ شہر نے تمام تعلیمی اداروں خاص کر بورڈنگ سکولوں میں آگ کے خطرات کی نشاندہی کے لئے معائنہ شروع کردیا ہے اور سکول کے بعد کی تمام تربیتی سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں۔
مقامی حکومت نے آگ کے خطرات میں کمی کے لئے ان مقامات خاص کر کنڈرگارٹن اور سکولوں سمیت رش والے مقامات کا باقاعدگی سے معائنہ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔