کینبرا (شِنہوا) چینی وزیر اعظم لی چھیانگ نےچین-آسٹریلیا تعلقات کی مزید ترقی کے لیے دونوں اطراف کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
دورہ آسٹرلیا کے دوران وزیر اعظم لی نے آسٹریلوی سینیٹ کے صدر سو لائنز اور ایوان نمائندگان کے سپیکر ملٹن ڈک سے ملاقات کے دوران کہا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران دو طرفہ تعلقات پیچیدگیوں کے بعد صحیح راستے پرواپس آئے ہیں اور ایسا کرنا آسان نہیں تھا۔ انہوں نے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے قانون ساز اداروں کے کردار پر زوردیا۔
اس امید کا اظہار کرتے ہوئے کہ آسٹریلیا کی پارلیمنٹ دونوں ممالک کے درمیان عملی تعاون کی فعال حمایت اور ایک مضبوط قانونی ضمانت اور سیاسی ماحول فراہم کرے گی،لی نے کہا کہ چین اور آسٹریلیا کے اقتصادی ڈھانچے ایک دوسرے کے لیے لازم وملزوم ہیں اور دوطرفہ تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ وزیر اعظم لی نے کہا کہ چین اور آسٹریلیا کی مختلف تاریخ، ثقافت اور سماجی نظام کے پیش نظر، دونوں ممالک کا بعض مسائل پر مختلف نظریات رکھنا ایک معمول کی بات ہے اور اہم بات یہ ہے کہ افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور بدگمانیوں کو دور کرنے کے لیے رابطوں اور بات چیت کو مضبوط کیا جائے۔