بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت شہری امور نے عطیات میں دھوکہ دہی پر بچوں کی امدادی فاؤنڈیشن پر انتظامی جرمانہ عائد کیا ہے یہ ادارہ تقریبا ایک کروڑ یوآن (تقریبا 14 لاکھ امریکی ڈالر) کی دھوکہ دہی کا مرتکب پایا گیا تھا۔
وزارت نے ایک مراسلے میں کہا ہے کہ اس کے ماتحت عوامی فنڈ ریزنگ فاؤنڈیشن چائنہ چیریٹیز ایڈ فاؤنڈیشن فار چلڈرن کو قانون کی سنگین خلاف ورزی پر تین ماہ کے لئے تمام خیراتی سرگرمیوں سے روک کراسے ایک بددیانت سماجی تنظیم کے طور پر بلیک لسٹ کردیا گیا ہے۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا تھا کہ جون سے اگست 2023 کے دوران "کی" نامی ایک شخص نے شدید بیمار بچوں کے لیے امدادی پروگرام کے نام پر غیر قانونی طور پر فنڈز جمع کئے۔ یہ شخص نومبر 2022 سے ایک مقامی امدادی مرکز میں خدمات انجام دے رہا تھا۔
وزارت کے مطابق ستمبر 2023 میں مذکورہ شخص کو حراست میں لیکر فراڈ سے متعلق چھان بین کی گئی۔ یہ کیس اب جوڈیشل اتھارٹی کو منتقل کردیا گیا ہے۔
وزارت نے کہا کہ فاؤنڈیشن کی انتظامیہ مطلوبہ معیار پرپوری نہیں اتری۔ مذکورہ تنظیم متعلقہ معلومات مہیا کرنے میں بھی ناکام رہی۔
مراسلہ کے مطابق نگراں ادارے نے سنگین بیماریوں کی امداد کے پروگرام کے انچارج اور فاؤنڈیشن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل سے فرائض سے غفلت برتنے کے الزام کی تحقیقات کی تھی اور یہ کیس اب جوڈیشل اتھارٹی کو منتقل کردیا گیا ہے۔
وزارت نے کہا ہے کہ وہ فاؤنڈیشن کے ذریعے آنے والے نابالغ مریضوں کے جائز حقوق کا تحفظ کرے گی، تنظیم میں مکمل اصلاحات کی جائیں گی اور خیراتی تنظیموں اور سرگرمیوں کی نگرانی اور قانون پر عملدرآمد کو مزید مؤثر بنائے گی۔