بیجنگ (شِنہوا) چین کے نائب صدر ہان ژینگ نے ایل سلواڈور کی نیو آئیڈیاز پارٹی کے سینئر عہدیداروں کے ایک وفد سے بیجنگ میں ملاقات کی جس کی قیادت پارٹی کے رہنما اور نومنتخب نائب صدر فیلکس الوا کر رہے تھے۔
ہان ژینگ نے کہا کہ 5 برس قبل چین۔ ایل سلواڈور سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے دو طرفہ تعلقات ہمہ جہت انداز میں تیزی سے آگے بڑھے۔
انہوں نے کہا کہ چین دونوں ملکوں کے سربراہان مملکت کے درمیان طے شدہ اتفاق رائے پر عمل درآمد کرنے سمیت باہمی اعتماد مستحکم کرنے، بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو پر تعاون وسیع کرنے ، عوامی و ثقافتی تبادلے بڑھانے اور عالمی و علاقائی امور میں رابطے اور ہم آہنگی میں اضافہ کرنے کے خواہشمند ہے۔
چینی نائب صدر ہان ژینگ نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) ایل سلواڈور کی نیو آئیڈیاز پارٹی کے ساتھ ایک نئی قسم کے سیاسی پارٹی تعلقات استوار کرنے ،مستحکم اور طویل مدتی دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش مند ہے۔
اس موقع پر ایل سلواڈور کے نائب صدر فیلکس الوا نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے تعاون اور مدد پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تعاون اور تبادلے آسانی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے مابین دوستی مسلسل وسیع ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایل سلواڈور ایک چین اصول پر عمل پیرا ہے اور نیو آئیڈیاز پارٹی طرزِحکمرانی میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے تجربے سے سیکھنے اور ملکی قومی حالات کے مطابق ترقی کی راہ تلاش کرنے کو تیار ہے۔