ڈالیان(شِنہوا)چین کے شمال مشرقی شہر ڈالیان کی بندرگاہ پر ہولانڈ امریکہ لائن کے زیرانتظام چلائے جانے والا زوئیڈرڈم کروز بحری جہاز پہنچ گیاجس کے ساتھ ہی ڈالیان ٹرمینل پر بین الاقوامی کروزبحری جہازوں کی آمدورفت کا سلسلہ دوبارہ سے شروع ہوگیا ہے۔
مقامی حکام نے بتایا ہے کہ یہ ستمبر 2023 میں چین کی طرف سے اپنی بندرگاہوں پر بین الاقوامی کروز بحری جہازوں کی آمدورفت مکمل طور پر دوبارہ فعال کرنے کے اعلان کے بعد سے یہ ملک کی شمال مشرقی بندرگاہ پر پہنچنے والا پہلا بین الاقوامی کروز بحری جہاز ہے۔ ڈالیان بندرگاہ پر آخری مرتبہ چارسال قبل بین الاقوامی کروز جہازپہنچاتھا۔
کروزبحری جہازکے ذریعے 2ہزارسے زیادہ سیاح اور عملے کے ارکان،جن کا تعلق 47 ممالک اور خطوں سے تھا،شنگھائی سے ڈالیان بندرگاہ پر پہنچے۔ ڈالیان میں اپنے قیام کے دوران وہ شہر کے متعدد قدرتی مقامات کی سیرکریں گے اور ثقافتی تجرباتی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیں گے۔ کروزبحری جہازپوری دنیا کے اپنے سفر کے سلسلے میں پیر کو چین کے شمالی شہر تیانجن پہنچ رہاہے۔