بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے کہا ہے کہ چینی اور امریکی حکام نے دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے واضح، تعمیری اور نتیجہ خیز بات چیت کی ہے۔
وانگ نے یہ بات ایک پریس بریفنگ کے دوران چین کے نائب وزیر خارجہ ما ژاؤشو اور امریکہ کے معاون وزیر خارجہ برائے مشرقی ایشیا و بحرالکاہل امور ڈینیئل جے کرٹنبر ینک کے درمیان ہونے والی ملاقات کی تفصیلات کے بارے میں پو چھے گئے سوال کے جواب میں کہی۔
وانگ نے کہا کہ ڈینیئل جے کرٹنبر ینک اور وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کی چین کے امور کی سینئر ڈائریکٹر سارہ بیرن نے چین کا دورہ کیا ہے اور ما ژاؤشو نے ان سے ملاقات کی۔ چین کی وزارت خارجہ کے شمالی امریکہ اور اوشیانا کے امور کے محکمے کے ڈائریکٹر جنرل یانگ تاؤ نے ان سے بات چیت کی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ گزشتہ نومبر میں بالی میں دونوں صدور کے درمیان طے پانے والی مشترکہ مفاہمت کے مطابق دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے اور اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کرنے کے لئے دونوں فریقین نے واضح ، تعمیری اور نتیجہ خیز بات چیت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ چین نے تائیوان اور دیگر اہم اصولی امور پر اپنا سنجیدہ موقف بیان کیا ہے اور دونوں فریقین نے رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔