بیجنگ (شِنہوا) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے کہا ہے کہ چین اس بات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ چین اور امریکہ کے عوام مزید دورے، رابطے اور تبادلے کرکے نئے دور میں دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی کی نئی داستانیں مشترکہ طور پر رقم کریں گے۔
وانگ نے یہ بات ایک باقاعدہ پریس بریفنگ کے دوران اس عوامی خط سے متعلق سوال کے جواب میں کہی جو مختلف شعبوں کے رہنماؤں سمیت کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو کے میئر لندن این بریڈ کی جانب سے صدر شی جن پنگ کو بھیجا گیا تھا۔
خط گزشتہ نومبر میں امریکہ میں دوست تنظیموں کے دیئے گئے استقبالیہ عشائیہ میں صدر شی کی تقریر کی عکاسی کرتا جس میں امریکہ ۔ چین باہمی تعلقات کو عوامی بنیادوں پر استوار کرنے کی بات کی گئی تھی،خط میں کہا گیا کہ سان فرانسسکو عوام کے درمیان ان تعلقات کے حوالے سے منفرد طریقے اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی بنیادوں پر مضبوط دوستی میں تعاون کے لئے اہم مواقع فراہم کرسکتا ہے جبکہ اس کے علاوہ سان فرانسسکو اپنے چڑیا گھر میں پانڈوں کا خیرمقدم کرنے کے لئے تیار ہے۔
وانگ نے کہا کہ گزشتہ برس نومبر میں صدر شی جن پھنگ اور صدر جو بائیڈن نے سان فرانسسکو میں ایک دوسرے سے ملاقات کی تھی جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ ، سان فرانسسکو وژن میں پیشرفت اور چین۔ امریکہ تعلقات میں مستحکم اور پائیدار ترقی کی راہ ہموار کرنے سے متعلق متعدد مشترکہ مفاہمتیں ہوئی تھیں۔
وانگ نے کہا کہ صدر شی نے اس جانب اشارہ کیا تھا کہ چین۔ امریکہ تعلقات کی امید کا محورعوام ہیں۔ اس کی بنیاد ہمارے معاشروں میں ہے، اس کا مستقبل نوجوانوں پر منحصر ہے اور اس کو توانائی نچلی سطح کے تبادلوں سے ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے اور دونوں ممالک کے عوام کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ مزید دورے، رابطے اور تبادلے کرکے نئے دور میں دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی اور تعاون کی نئی داستانیں مشترکہ طور رقم کریں گے۔
وانگ نے اس بات کا تذکرہ کیا کہ پانڈا چینی اور امریکی عوام کے درمیان دوستی کے سفیر ہیں۔ چین دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی اور باہمی سمجھ بوجھ بڑھانے کے لئے امریکہ کے ساتھ پانڈا کے تحفظ میں تعاون جاری رکھنے کو تیار ہے۔