بیجنگ (شِںہوا) چین کے نائب وزیر تجارت وانگ شو وین نے امریکی دعوت پر 2 سے 5 اپریل تک امریکہ کا دورہ کیا اور امریکی انڈر سیکریٹری تجارت برائے بین الاقوامی تجارت ماریسا لاگو کے ساتھ چین ۔ امریکہ کمرشل اور تجارتی ورکنگ گروپ کے پہلے نائب وزراء اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔
وانگ نے کہا کہ چین دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے شدہ اتفاق رائے فعال طریقے سے لاگو کرنے، رابطے مضبوط بنانے، تعاون کے فروغ ، کمرشل اور تجارتی ورکنگ گروپ کے ذریعے اختلافات نمٹانے اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری تعاون میں ایک سازگار ماحول پیدا کرنے کے لئے امریکہ کے ساتھ کام کرنے کا خواہشمند ہے۔
وانگ نے چینی مصنوعات پر امریکی شق 301 کے تحت محصولات اور متعلقہ تحقیقاتی طریقہ کار ، قومی سلامتی کو عام کرنے، چینی کاروباری اداروں کے خلاف پابندیاں، تجارتی تحقیقات کے قواعد میں ترمیم، دو طرفہ سرمایہ کاری پر پابندی اور چینی کاروباری اداروں کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک جیسے امور پر تشویش ظاہر کی۔
فریقین نے تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق سرگرمیوں سمیت صاف توانائی ٹیکنالوجی اور خواتین کی صحت میں تعاون کی سرگرمیوں، تجارتی سہولت کاری میں تعاون بڑھانے کے طریقوں کی تلاش اور برآمدی کنٹرول میں رابطے اور تبادلے مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔
وزارت تجارت کے مطابق امریکی انڈر سیکریٹری تجارت برائے بین الاقوامی تجارت ماریسا لاگو چین کی دعوت پر 2024 کی دوسری ششماہی میں اپنے وفد کے ساتھ چین کا دورہ کریں گی اور چین ۔ امریکہ کمرشل اور تجارتی ورکنگ گروپ کے دوسرے نائب وزراء اجلاس کی مشترکہ طور پر صدارت کریں گی۔