• Columbus, United States
  • |
  • Jul, 1st, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین ۔امریکہ سان فرانسیسکو سربراہ اجلاس کے اتفاق رائے پر عمل درآمد پر متفقتازترین

February 19, 2024

ویانا (شِںہوا) چینی ریاستی کونسلر اور وزیرعوامی تحفظ وانگ شیاؤ ہونگ اور امریکی وزیر داخلی سلامتی  الیگزینڈرو میئرکس نے دونوں ممالک کے سربراہان مملکت کے درمیان سان فرانسیسکو اجلاس میں طے شدہ اہم اتفاق رائے پر عمل درآمد پر اتفاق کیا ہے۔

دونوں کے درمیان ویانا میں ہونے والی بات چیت میں سان فرانسیسکو ملاقات میں طے شدہ اتفاق رائے پر عمل درآمد، منشیات کی روک تھام اور قانون نافذ کرنے میں دوطرفہ تعاون میں پیشرفت اور ایک دوسرے کے خدشات کو دور کرنے کےبارے میں  تفصیل کے ساتھ تعمیری گفتگو ہوئی۔

وانگ شیاؤ ہونگ نے نشاندہی کی کہ سان فرانسیسکو میں اپنی تاریخی ملاقات میں چینی صدر شی جن پھنگ اور امریکی صدر جو بائیڈن نے مستقبل پر مبنی "سان فرانسیسکو وژن" پیش کیا تھا۔

وانگ نے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ دونوں فریق دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے شدہ اہم اتفاق رائے کی پاسداری کرتے ہوئے باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور باہمی طور پر مفید تعاون کے اصول کوبرقرار رکھنے سمیت ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کا احترام اوراہم خدشات دورکرتے ہوئے منشیات کی روک تھام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں تعاون اور عوامی تبادلے میں حائل رکاوٹیں دورکریں گے۔

وانگ نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ بغیر کسی وجہ کے چینی طالب علموں کو ہراساں کرنا اور پوچھ گچھ کرنا بند کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ چینی شہری داخلے کے لیے منصفانہ سلوک اور مکمل وقار سے مستفید ہوں۔

وانگ نے کہا کہ امریکہ کو اپنے ملک میں چینی سفارت خانے ، قونصل خانوں  اور اہلکاروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کرنے سمیت متعلقہ چینی اداروں اور اہلکاروں پر ویزا پابندیاں ختم کرنا اور چین کو "منشیات کا بڑا ذریعہ ملک" قرار دینے کی غلطی درست کرنی چاہئے۔

فریقین نے دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے شدہ اہم اتفاق رائے پر عملدرآمد، منشیات کی روک تھام اور قانون کے نفاذ پر بات چیت اور تعاون برقرار رکھنے سمیت ایک دوسرے کے خدشات کو اہمیت دینے ، باہمی احترام، اختلافات نمٹانے اورباہمی فائدہ مند تعاون کی بنیاد پر تمام امور مناسب طریقے سے حل کرکے چین۔ امریکہ تعلقات میں مستحکم پیشرفت پر اتفاق کیا۔