بیجنگ(شِنہوا) چین کے ریاستی کونسلر اور نیشنل نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی کے ڈائریکٹر وانگ شیاو ہونگ سے بیجنگ میں وائٹ ہاؤس کے نیشنل ڈرگ کنٹرول پالیسی دفتر کے ڈائریکٹر راہول گپتا نے ملاقات کی۔ جس میں انسداد منشیات کے حوالے سے دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وانگ نے کہا کہ گزشتہ سال سے، دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں نے دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عمل درآمد کرتے ہوئے منشیات پر قابو پانے اور غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کے حوالے سے کئی ایک واضح کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین باہمی احترام، اختلافات کے حل اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کی بنیاد پر امریکہ کے ساتھ دوطرفہ اور کثیرالجہتی تبادلوں اورمنشیات پر قابو پانے میں تعاون کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
وانگ نے کہا کہ چین کو امید ہے کہ امریکہ چین کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے اس کے خدشات کو اہمیت دے گا اورانہیں مؤثر طریقے سے دور کرے گا اور عملی تعاون کے ذریعے دونوں ممالک کے عوام کی فلاح و بہبود میں اضافہ کرے گا۔ملاقات میں متعلقہ امور پر رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔