بیجنگ(شِہنوا)چین کی وزارت تعلیم نے بتایا ہے کہ اس وقت 46 ہزار سے زیادہ چینی طلبہ فرانس میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ 15 سو سے زیادہ فرانسیسی طلبہ چین کے مختلف تعلیمی اداروں میں حصول علم میں مصروف ہیں۔
اپنے جاری بیان میں چینی وزارت تعلیم نے بتایا کہ 2014 میں چین اور فرانس کے درمیان عوامی تبادلے کے اعلی سطح کے طریقہ کار کے قیام سے دونوں ممالک کے درمیان نتیجہ خیز تعلیمی تعاون و تبالہ ہوا ہے۔
دونوں ممالک نے ثقافتی تبادلے بڑھانے کیلئے زبانوں کے پروگرامز کو توسیع دی ہے۔ چین کی یونیورسٹیوں نے 148 انڈر گریجویٹ،34 ماسٹر ڈگری اور 10ڈاکٹریٹ کی تعلیم دینے کے مقامات قائم کیے ہیں جبکہ فرانس میں 18کنفیوش ادارے اور کلاس رومز بنائے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ مشترکہ اکیڈمک اقدامات کو بڑھایا گیاہے، انڈر گریجویٹ سطح سے اوپر کے69 مشترکہ پروگرامزقائم کئے گئے ہیں جن میں 54 چینی اور 67 فرانسیسی جامعات شامل ہیں۔
وزارت کے سینئر عہدیدار یانگ ڈان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ چین اور فرانس کے طلبہ کے تبادلوں کو مزید بڑھایا جائیگا،تعلیمی شعبے میں باہمی تعان کو فروغ دیا جائے گا اوراس مقصد کے حصول کے لئے مزید پروگرامز اور سرگرمیاں تجویز کی جائیں گی۔