آستانہ (شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہاہے کہ چین اور قازقستان نے ایک منفرداورمستقل جامع اسٹریٹجک شراکت داری قائم کی ہے۔ صدر شی نے ان خیالا ت کا اظہار قازقستان کے سرکاری دورے پر آستانہ پہنچنے پر ایک تحریری بیان میں کیا،چینی صدر آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کی کونسل کے 24ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔ صدرشی نے کہا کہ وہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف کی دعوت پر خوبصورت ملک قازقستان کے دورہ اور شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت سے بہت خوش ہیں،صدر توکایف اور دوست قازق عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے چینی حکومت اور عوام کی طرف سے تہنیتی مبارکباد پیش کی۔ صدرشی نے کہا کہ چین اور قازقستان کی دوستی کی ایک طویل روایت موجود ہے۔ اور 2ہزار سال سے زیادہ عرصہ پہلے قدیم شاہراہ ریشم نے دونوں ممالک کوایک دوسرے سے جوڑا تھا، جس سے دوستانہ تبادلوں کی تاریخ کا آغاز ہوا ۔
چینی صدر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے گزشتہ 32 سالوں کے دوران، یہ تعلقات وقت کی کسوٹی اور بین الاقوامی سطح پر آنے والے اتار چڑھاؤپر پورا اترے ہیں،جو ایک منفرد مستقل جامع اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہوئے۔
صدر شی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی لازوال دوستی وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوئی جس نے ہمسایہ ممالک کے درمیان یکجہتی، باہمی مفاد اور باہمی کامیابی کی مثال قائم کی ہے۔