• Redford, United States
  • |
  • May, 14th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین اور نیدر لینڈز عالمی صنعتی اور سپلائی چینز کے استحکام کیلئےتعاون کرینگے،چینی وزیر خارجہتازترین

July 12, 2024

بیجنگ(شِنہوا)چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین عالمی صنعتی اور سپلائی چینز کے استحکام کے مشترکہ تحفظ کیلئے نیدر لینڈز کیساتھ تعاون  مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

نیدر لینڈز کے نئے وزیر خارجہ کاسپرویلڈ کیمپ  سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے  کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماوں کی رہنمائی اور دونوں ملکوں کوششوں کی وجہ سے چین اور نیدر لینڈز کے درمیان  جامع تعاون کیلئے کھلی اورعملی شراکت داری مسلسل ترقی کر رہی ہے، جو دونوں ممالک کے عوام کو ٹھوس فوائد پہنچا رہی ہے اور عالمی ترقی و امن میں اپنا حصہ ڈال رہی ہے۔

وانگ نے کہا کہ چین نیدرلینڈز کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس کی نئی حکومت کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کرنے اور باہمی تفہیم کو بڑھانے کی غرض سےہمہ جہت بات چیت  کے لئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین یورپی انضمام کے عمل، یورپی یونین (ای یو) کی ترقی اور نمو اور  سٹرٹیجک آزادی کی پاسداری کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ نیدرلینڈز یورپ  کی حوصلہ افزائی کرے گا کہ وہ چین کو بامقصد اور منطقی انداز میں دیکھتے ہوئے چین یورپ تعلقات کی مستحکم اور  پائیدار ترقی کو برقرار رکھنے میں تعمیری کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا  کہ واشنگٹن میں نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) کے حالیہ سربراہ اجلاس میں چین پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کو کسی صورت قبول نہیں کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ چین ایک بڑا ملک ہے،  دنیا میں امن اور سلامتی کے معاملے میں اس کا ریکارڈ بہترین ہے اور وہ بین الاقوامی برادری میں  ہمیشہ امن اور استحکام کی ایک قوت رہا ہے۔

وانگ نے کہا کہ چین کا سیاسی نظام اور اقدار کے تصورات نیٹو ممالک سے مختلف ہیں، لیکن اسے نیٹو کے چین کے ساتھ محاذ آرائی کو بھڑکانے کی وجہ کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہئے۔ 

انہوں نے کہا کہ صحیح طریقہ یہ ہے کہ بات چیت کو مضبوط کیا جائے، افہام و تفہیم میں اضافہ کیا جائے، بنیادی باہمی اعتماد پیدا کیا جائے اور سٹرٹیجک غلطیوں سے بچا جائے۔ وانگ نے کہا کہ نیٹو کو اپنی حدود میں رہنا چاہیے اور ایشیا بحرالکاہل کے معاملات یا چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریز کرنا چاہیے اور چین کے جائز حقوق اور مفادات کو چیلنج کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ چین نیٹو کے ساتھ برابری کی بنیاد پر رابطے برقرار رکھنے اور باہمی احترام کی بنیاد پر تبادلوں میں شامل ہونے کا خواہاں ہے۔   

اس موقع پر نیدرلینڈز کے وزیر خارجہ ویلڈ کیمپ نے کہا کہ چین اور نیدرلینڈز کے موجودہ تعلقات مضبوط  ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین ایک اہم عالمی طاقت اور ایشیا میں نیدرلینڈز  کا بنیادی اقتصادی اور تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں فریقوں کو باہمی اور کثیر الجہتی امور پر باہمی فائدہ مند تعاون میں مشغول رہنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ کشیدہ بین الاقوامی صورتحال کے  تناظر میں  نیدر لینڈز چین سے علیحدگی کی حمایت نہیں کرتا اور چین اور نیدرلینڈز کے درمیان عملی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے چین کے ساتھ رابطے برقرار رکھنے کے لیے تیار ہے۔  

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین اور چین کے تعلقات اہم ہیں ، اختلافات کو تعاون میں رکاوٹ نہیں بننا چاہئے۔ 

انہوں نے کہا کہ  نیدر لینڈز دنیا بھر کے لوگوں کے فائدے کے لئے یورپی یونین اور چین کے تعمیری تعلقات کو فروغ دینے کی حمایت کرتا ہے۔