ویلنگٹن (شِنہوا)چین کے وزیراعظم لی چھیانگ نے نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے اور حکام کے تبادلوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
اپنے دورہ نیوزی لینڈ کے موقع پر جمعرات کو ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم لی نے کہا کہ ان کا دورہ ایسے موقع پرہے جب صدر شی جن پھنگ کے نیوزی لینڈ کے سرکاری دورے اور چین نیوزی لینڈ جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کو 10سال مکمل ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قطع نظر کہ گزشتہ 10 سالوں میں بین الاقوامی سطح پر کیا تبدیلیاں رونما ہوئیں دونوں ممالک نے باہمی احترام، جامعیت، تعاون اور مشترکہ ترقی پرمستقل عمل پیرا رہتے ہوئے خاطر خواہ ترقی کے لیے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دیا اور دو طرفہ تعاون میں متعدد نئے اقدامات متعارف کرائے۔
لی نے مزید کہا کہ ان کا ملک نیوزی لینڈ کے ساتھ روایتی دوستی کوجاری رکھنے،تعلقات کے فروغ میں پہل کے جذبے کو اور مشترکہ ترقی میں پیش رفت اور چین-نیوزی لینڈ جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو اپ گریڈ کرنے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو مزید فوائد حاصل ہوں۔