بیجنگ(شِنہوا) چینی وزیرخارجہ وانگ یی اورروسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے منگل کو بیجنگ میں ملاقات کی،جس میں دونوں وزرائے خارجہ نے مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
کمیونسٹ پارٹی ٓآف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن وانگ نے صدر پوتن کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چین صدر پوتن کی قیادت میں روس کی ترقی اور احیاء اور روسی عوام کے ترقی کے راستے کے آزادانہ انتخاب کی حمایت جاری رکھے گا۔
وانگ نے کہا کہ چین روس تعلقات عالمی تزویراتی استحکام کو برقرار رکھنے کے لیےغیرمعمولی اہمیت کے حامل ہیں۔ دوطرفہ مضبوط تعلقات کو برقرار رکھنا اور ترقی دینا دونوں بڑے پڑوسی ممالک کا فطری انتخاب اور یہ دونوں عوام کے بنیادی مفادات کے حق میں ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے کے مطابق دونوں ممالک کے ترقیاتی منصوبوں میں ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو فروغ دینے کے لیے روس کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے۔