بیجنگ(شِنہوا) چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے سلووینیا کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ تانجا فاجون سے ملاقات کی جس کے دوران دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ بیجنگ میں بدھ کو ہونے والی ملاقات میں چینی وزیر خارجہ وانگ نے کہا کہ ترقی کے 30 سال سے زائد عرصہ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مستحکم اور پختہ مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔
چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ ان کا ملک سلووینیا کی حکومت کی جانب سے چین کے بنیادی مفادات کو سمجھنے،حمایت اور ون چائنہ اصول پر مضبوطی سے کاربند رہنے کو سراہتاہے اور یہ کہ چین سلووینیا کی قومی آزادی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت اور قومی حالات کے مطابق اس کی ترقی کے طریقہ کار کااحترام کرتا ہے۔ سلووینیا کو 2024-2025 کی مدت کے لیے سلامتی کونسل کا غیرمستقل رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے وانگ نے کہا کہ چین اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور دیگر بین الاقوامی اداروں میں سلووینیا کے ساتھ تعاون کو مزید منصفانہ اور شفاف طریقے سے فروغ دینے کا خواہاں ہے۔