میونخ(شِنہوا)چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین بڑے ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ میں ایک پائیدار کردار ادا کرنےکا خواہاں ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے میونخ میں 60 ویں سکیورٹی کانفرنس میں "چائنہ ان دی ورلڈ" سیشن سے خطاب میں کہا کہ عالمی سٹریٹجک استحکام کی بنیادی ذمہ داری بڑے ممالک پرعائد ہوتی ہے۔
وانگ نے چینی صدر شی جن پھنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور کا رجحان بڑے ممالک میں مسابقت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی صورتحال جتنی زیادہ کشیدہ ہو اتنا ہی بڑے ممالک کو ہم آہنگی میں اضافہ کرنا ہوتا ہے ۔ خطرات اور چیلنجز جتنے زیادہ واضح ہوں گے اتنا ہی بڑے ممالک کو چاہیئے کہ وہ تعاون کو فروغ دیں۔
وانگ نے کہا کہ رواں سال چین ۔ امریکہ سفارتی تعلقات کے قیام کی 45 ویں سالگرہ ہے۔ تاریخ نے ثابت کیا ہے کہ چین ۔ امریکہ تعاون سے دونوں فریقین اور پوری دنیا کو فائدہ ہوتا ہے جبکہ چین ۔ امریکہ تصادم دونوں فریقوں اور پوری دنیا کے لئے نقصان دہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین قانونی حقوق اور مفادات کا مضبوطی کے ساتھ تحفظ کرے گا اور غیرمعقول روک ٹوک اور جبر کی مخالفت کرے گا۔