بیجنگ (شِںہوا) چین کے دارالحکومت بیجنگ نے جائیداد مارکیٹ کے فروغ سے متعلق مزید اقدامات کا اعلان کیا ہے جس میں ابتدائی رقم کا تناسب اور رہن رکھنے پر شرح سود میں کمی جیسے اقدامات بھی شامل ہیں۔ نئے ضابطے جمعرات سے نافذالعمل ہوگئے ہیں۔
بیجنگ بلدیاتی کمیشن برائے تعمیرات و شہری ترقی اور پیپلز بینک آف چائنہ بلدیہ بیجنگ شاخ سمیت متعدد اداروں کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق تجارتی رہن پر پہلے گھر کے لئے ابتدائی رقم کا تناسب 30 فیصد سے کم کرکے 20 فیصد کردیا گیا ہے۔
اگر جائیداد بیجنگ کے 5 ویں رنگ روڈ میں کے اندر واقع ہوتو دوسرے گھر کی خریداری کے لیے کم از کم ابتدائی رقم 35 فیصد اور اگر یہ رنگ روڈ کے باہر واقع ہو تو 30 فیصد ہو گی۔
مراسلے کے مطابق بنچ مارک لون پرائم ریٹ کے دورانیہ کی بنیاد پر گھر کے لئے قرض پر شرح سود میں بھی کافی حد تک کمی کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایک سے زائد بچوں والے خاندانوں کی رہائشی ضروریات پوری کرنے کے لئے اب بیجنگ ہوکو (رہائشی اجازت نامہ) رکھنے والے اور دو یا اس سے زیادہ بچوں والے خاندانوں کے خریدے گئے دوسرے گھر کو قرض پالیسی کے تحت پہلا گھر تصور کیا جائے گا۔
مراسلے کے مطابق چینی دارالحکومت ، جائیدادیں تعمیر کرنے والے اداروں اور ایجنٹس کی بھی حوصلہ افزائی کررہا ہے کہ وہ گھروں کی خریدوفروخت میں معاونت کریں اس سے رہائشیوں کو اپنے موجودہ گھر سے نئے گھر میں باآسانی منتقل ہونے کی سہولت ملے گی۔