بیجنگ (شِنہوا) بیجنگ میں رواں سال کے اختتام تک عظیم نہر کی ثقافت کو اجاگر کرنے والا ایک عجائب گھر عوام کے لئے کھول دیا جائے گا جس میں بیجنگ اور قدیم نہر سے متعلق تقریباً 6 ہزار اشیاء یا نمونے نمائش کے لئے رکھے جائیں گے۔
کیپیٹل میوزیم میں عجائب گھر مجموعے کے انچارج فینگ ہاؤ نے بتایا کہ بیجنگ کا عظیم نہر عجائب گھر بیجنگ بلدیاتی انتظامی مرکز میں واقع ہے جس کا مجموعی تعمیراتی رقبہ 99 ہزار 700 مربع میٹر ہے۔ اسے کیپیٹل میوزیم کی مشرقی شاخ بھی کہا جاتا ہے۔
نئے عجائب گھر کا ڈیزائن بحری جہاز ، جہاز رانی اور پانی کے عناصر کو مربوط کرتا اور عظیم نہری ثقافت کو ظاہر کرتا ہے۔ عجائب گھر میں یومیہ 6 ہزار سیاحوں کی گنجائش ہے۔
فینگ نے بتایا کہ نمائشی علاقہ ، بنیادی نمائش، مو ضوع پر مبنی نمائش، کھلی نمائش اور عارضی نمائش کے حصوں پر مشتمل ہے۔ سیاح ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مدد سے کھلی نمائش والے حصے میں بیجنگ اور عظیم نہر کے موضوعات کی عکاسی کرتے انٹرایکٹو تجربے سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔
عظیم نہر چین کے مشرقی صوبے ژے جیانگ میں بیجنگ اور ہانگ ژو کو جوڑتی ہے اس نے قدیم چین میں نقل و حمل کی ایک اہم شریان کے طور پر کام کیا تھا۔ اس کی تاریخ 2 ہزار 500 برس پر محیط ہے۔