• Sterling, United States
  • |
  • May, 16th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین، بندرگاہی شہر ژوہائی میں ائیرشوچائنہ کا آغازتازترین

November 09, 2022

گوانگ ژو (شِنہوا) چین کےجنوبی صوبہ گوانگ ڈونگ کے بندرگاہی شہر ژوہائی میں 14 و یں چائنہ بین الاقوامی شہری ہوابازی اور ایرو اسپیس نمائش یا ائیرشو شروع ہوگیا۔

نمائش میں 43 ملکوں اور خطوں سے 740 سے زائد ملکی اور غیر ملکی کاروباری ادارے نمائش کے مقام پر یا آن لائن شریک  ہیں۔

رواں سال نمائش کا  اندرونی رقبہ تقریباً 1 لاکھ مربع میٹرز پر ہے جبکہ بیرونی رقبہ پر 110 سے زائد طیاروں کی نمائش کی جارہی ہے۔ نمائش اتوار تک جاری رہے گی۔

افتتاحی تقریب میں چین کی مقامی طورپرتیارکردہ فضائی گاڑیوں کی ایک رینج نے کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جن میں اے جی 600 ایم ایمفیبیئس فائرفائٹنگ ایئرکرافٹ ، وائے یو -20 ٹینکر طیارہ ، جے 20 اسٹیلتھ لڑاکا طیارے اور چین کا پہلا مقامی طور پر تیار کردہ بڑا مسافر طیارہ سی 919 شامل ہے۔

چین کی ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن کے مقامی طور پر تیار کردہ طیارے اے جی 600 ایم نے عوام کے سامنے پانی کے چھڑ کاؤ کا مظاہرہ کیا ۔ یہ طیارہ ملک میں ہنگامی امدادی کاموں کے لئے تیار کیا گیا ہے۔

ائیرشو چائنہ کا آغاز 1996 میں ہوا تھا جس کے بعد سے یہ اندرون اور بیرون ملک جدید ہوابازی ، ایرواسپیس ٹیکنالوجیز اور سازوسامان کی نمائش میں اہم رابطہ کار بن چکا ہے۔

یہ ہوا بازی اور ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز اور سازوسامان میں کاروباری تعاون کے فروغ میں بھی ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم کا درجہ حاصل کرچکا ہے۔