بیجنگ (شِنہوا) چین کے ماہرین ارضیات نے ملک کے شمالی علاقے میں دنیا کی سب سے بڑی نایاب معدنیات کی کان سے دو نئی معدنیات دریافت کی ہیں۔
چین کی اکیڈمی آف سائنسز (سی اے ایس) کے پبلسٹی دفتر نے شِنہوا کو بتایا کہ ابونیوبائٹ اورسکینڈیو- فلورو-ایکرمانیٹ نامی دو نئی نیوبیئم-اسکینڈیم معدنیات اندرونی منگولیا خود اختیار خطے میں بایان اوبوکان میں دریافت ہوئی ہیں۔
سی اے ایس کی پریس ریلیز کے مطابق سی اے ایس انسٹی ٹیوٹ آف جیولوجی اینڈ جیو فزکس کی جانب سے سی اے ایس کے ماہر لی شیان ہوا نے اس دریافت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ معدنیات سے متعلق بین الاقوامی ایسوسی ایشن نے ان نئی معدنیات کی تصدیق اور ان کے نام کی منظوری دے دی ہے۔
نیوبیئم اور اسکینڈیم دونوں انتہائی نایاب اہم دھاتیں ہیں۔ نیوبیئم بنیادی طور پر اسپیشل اسٹیل، سپر کنڈکٹنگ مواد اورخلائی صنعتوں میں جبکہ اسکینڈیم ایلومینیم اسکینڈیم مرکبات اور ٹھوس آکسائیڈ فیول سیلز میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتی ہے۔